بولاوائیو( رفعت سلیم): پاکستان کے اوپنرز نے زمبابوے کے خلاف پہلی وکٹ پر شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ بنالیا۔کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں اوپننگ بلے باز فخر زمان اور امام الحق نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 304 رنز بنائے جو پہلی وکٹ پر شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔اس سے قبل طویل ترین شراکت کا ریکارڈ سری لنکا کے پاس تھا، جس کے بلے باز سینتھ جے سوریا اور اوپل تھرنگا نے لیڈز کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کے خلاف جون 2006 میں 286 رنز بنائے تھے۔پاکستان کے سابق اوپنر عمران فرحت اور محمد حفیظ نے بھی زمبابوے کے ہی خلاف ستمبر 2011 میں پہلی وکٹ پر 228 رنز کی شراکت قائم کی تھی تاہم اب پاکستان کو پہلی وکٹ پر طویل ترین پارٹنرشپ کا نیا عالمی ریکارڈ حاصل ہوگیا ہے۔ فخر زمان ڈبل سنچری مکمل کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے والے بلے باز بھی بن گئے، انہوں نے سعید انور کا 194 رنز کا ریکارڈ توڑا اور عالمی سطح پر سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے والے چھٹے بلے باز بھی بن گئے۔ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے کا ریکارڈ بھارت کے روہت شرما کے پاس ہے، جنہوں نے نومبر 2014 میں سری لنکا کے خلاف کولکتہ کے ایڈن گارڈن گراؤنڈ میں شاندار اننگز کھیل کا یہ اعزاز اپنے نام کیا۔نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل 237 رنز ناٹ آؤٹ، بھارت کے ورندر سہواگ 219، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل 215 اور بھارت کے روہت شرما 209 رنز کے ساتھ بالترتیب سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں شامل ہیں۔

Post a Comment