ممبئی( رفعت سلیم) بالی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے ماضی میں عمران خان سے وعدہ کیا تھا کہ جب وہ انتخابات جیت جائیں گے تو وہ اس کا جشن پاکستان آکر منائیں گے۔انتخابات 2013 سے قبل دورہ بھارت کے دوران عمران خان ایک تقریب میں شریک ہوئے جس میں بالی وڈ ستاروں سمیت کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر عمران خان سے سوال و جواب کے دوران بالی وڈ اداکار عامر خان چیئرمین تحریک انصاف کے جوابات سے بے حد متاثر ہوئے اور انہوں نے انہیں مصالحت پسند اور پختہ نظریے کا مالک قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ’میری دعائیں ہیں کہ پاکستان میں ایک ایسی حکو مت آئے جو واقعی پاکستان کے مسائل حل کرسکے، جن کا ارادہ ہو کہ پاکستان میں خوشحالی آئے اور یہ نہ صرف پاکستان کے لیے اچھا ہوگا بلکہ ہمارے لیے بھی اچھا ہوگا‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’میرا دل کہتا ہے کہ آپ کامیاب ہوں گے کیوں کہ آپ کئی سالوں سے محنت کر رہے ہیں، جب آپ نے اپنی جدوجہد شروع کی تھی تو کئی چیلنجز کا سامنا تھا جس پر ڈٹے رہے‘۔ ’جو خواب آپ دیکھ رہے ہیں میری دعائیں ہے کہ آپ کا خواب پورا ہو اور جو نیت لے کر آپ چلیں ہیں اس میں کامیاب ہوں‘۔ عمران خان نے بھی انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پھر آپ کو انتخابات سے قبل پاکستان آنا پڑے گا، جس پر عامر خان نے وعدہ کیا کہ ’میں انتخابات سے پہلے نہیں بلکہ جب آپ جیت جائیں گے تب پاکستان آکر اور اپنے ساتھ بہت سارے ہندوستانی دوستوں کو لاکر آپ کی جیت کا جشن مناؤں گا‘۔عمران خان اور عامر خان کے درمیان یہ مکالمہ 2013 کے انتخابات سے قبل ہوا لیکن 2018 کے انتخابات میں عمران خان کی جماعت نے نہ صرف بڑی کامیابی حاصل کی بلکہ عمران خان ملک کے وزیراعظم بننے کی پوزیشن میں ہیں۔ سوشل میڈیا پر جہاں عمران خان کی جیت پر مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے وہیں کچھ صارفین نے 5 سال قبل عامر خان کے وعدے کی ویڈیو شیئر کی اور مطالبہ کیا کہ اب وہ اپنا وعدہ پورا کریں۔پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر نے بھی مسٹر پرفیکشنسٹ کو ایک ٹوئٹ کے ذریعے کہا کہ اب وعدہ پورا کرنے کا وقت آگیا ہے۔
Post a Comment