بنی گاله ( رفعت سلیم ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ نے مجھے اپنے خواب کو پورا کرنے کا موقع دیا ہے۔بنی گالہ میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 22 سال کی جدوجہد کے بعد اللہ نے مجھے موقع دیا ہے کہ میں اپنے خواب کو پورا کر سکوں۔ عمران خان نے کہا کہ جن لوگوں نے اتنی گرمی کے باوجود الیکشن کے عمل میں حصہ لیا انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوںانتخابی امیدواروں سمیت سیکیورٹی اہلکاروں نے بھی الیکشن کے عمل کے لیے اپنی جانیں دیں جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ میں جس شخصیت سے متاثر ہوں وہ نبی کریم ﷺ ہیں اور انہوں نے انسانیت کا ایسا نظام رائج کیا جس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ میں پاکستان کو ایسی فلاحی ریاست چاہتا ہوں جس طرح ہمارے نبی ﷺ نے بنائی تھی لیکن ہماری ریاست میں یہ نظام الٹا ہے جہاں آدھی سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار ہی ہے۔عمران خان نے دھاندلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ الیکشن کمیشن ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے بنائی تھی اور نگران حکومت بھی تمام سیاسی جماعتوں نے مشاورت کے ساتھ بنائی تھیں۔ جب میں نے 2013 میں دھاندلی کی بات کی تو ساری جماعتوں نے میری مخالفت کی تھی لیکن اگر کسی جماعت کو کسی بھی حلقے میں دھاندلی کی شکایت ہے تو ہم تعاون کریں گے اور وہ حلقے کھلوائیں گے۔ یہ پاکستان کا سب سے صاف اور شفاف الیکشن ہوا جس پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
Post a Comment