راولپنڈی (رپورٹ ۔ نیوز 6) چیئرمین تحریک جوانان پاکستان محمد عبداللہ گل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ سیکورٹی خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم الیکشن کمیشن کو متنبہ کررہے ہیں کہ ہمارے امیدواروں کو سیکورٹی فراہم کی جائے خدانخواستہ اگر ہمارے کسی بھی امیدوار کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار چیف الیکشن کمشنر ہونگے۔ خیبر پختون خواہ کی نگران حکومت اپنے من پسند امیدواروں کو سیکورٹی و دیگر سہولیات فراہم کررہی ہے جو آئین اور قانون کے سراسر منافی ہے۔ صوبائی حکومت نے بڑی پارٹی کے امیدواروں کو تو پولیس سیکیورٹی دے رکھی ہے لیکن ہماری پارٹی کے امیدواروں سے کہتے ہیں کہ ہمیں الیکشن کمیشن سے کوئی احکامات نہیں ہیں۔ ایک ایم پی اے کے امیدوار سے الیکشن کمیشن نے 20000روپے اور ایم این کے امیدوار سے30000روپے لے رکھے ہیں اور ہمارے امیدوار الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ تمام آئینی و قانونی ضابطہ اخلاقیات کی مکمل پابندی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کو اپنے پارٹی امیدواروں کی حفاظت کے لئے درخواست بھی دے رکھی ہے لیکن اس پر ابھی تک کوئی کاروائی نہیں ہوئی۔ لگتا ہے الیکشن کمیشن بھی جانب داری کا مظاہرہ کر رہا ہے ۔ خدا نخواستہ ہمارے امیدوار اور کارکنان کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کا ذمہ دار الیکشن کمیشن ہی ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا الیکشن مہم کے مواقع سب امیدواروں کو یکساں ملنے چائے ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ ایک پارٹی کے امیدوار کے ساتھ پورا تھانہ ہو اور دوسرا بغیر سیکورٹی کے پھرتا رہے انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اس پر نوٹس لیں اور تحریک جوانان پاکستان کے ہر امیدوار کو سیکورٹی فراہم کی جائے۔
Post a Comment