بنوں( رفعت سلیم) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں کے قافلے کے قریب بم حملے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق دھماکا بنوں کے مضافاتی علاقے حوید میں ہوا۔واقعے میں پولیس اہلکاروں سمیت 13 سے 14 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال بنوں منتقل کردیا گیا۔اس سے قبل رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ دھماکا متحدہ مجلس عمل کے انتخابی امیدوار اور سابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی کے قافلے کے قریب ہوا لیکن بعدازاں اکرم خان درانی کے صاحبزادے زاہد درانی نے والد کے خیریت سے ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد قافلے میں موجود نہیں تھے۔واضح رہے کہ اکرم خان درانی قومی اسمبلی کے حلقے این اے 35 سے متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے)کے ٹکٹ پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مدمقابل الیکشن لڑ رہے ہیں۔زاہد درانی نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ 'ان کے والد اکرم درانی بالکل خیریت سے ہیں، دھماکا والد صاحب کے مقررہ جگہ پر پہنچنے سے قبل ہوا اور دھماکے کے وقت وہ ان کے ساتھ موجود تھے'۔ ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بنوں کریم خان کے مطابقدھماکا انتخابی جلسے سے 50 میٹر دور ہوا۔انہوں نے مزید بتایا کہ جلسہ گاہ کے اطراف 40کے قریب پولیس اہلکار تعینات تھے اور واک تھرو گیٹس بھی نصب کیے گئے تھے۔
Post a Comment