HAR KHABAR

متحدہ عرب امارات میں ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت سے بھارتی ٹیم ہچکچاہٹ کا شکار.

کراچی ( رفعت سلیم ) متحدہ عرب امارات میں ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت سے بھارتی ٹیم ہچکچاہٹ کا شکار ہے جبکہ ٹورنامنٹ بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ آئندہ چند روز میں کرسکتا ہے ایشین کرکٹ کونسل کے ایک اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ ملتوی ہونے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کیوں نہیں ہوسکا ہے تو انہوں نے کہا کہ شیڈول کا اعلان رواں ہفتے کردیا جائے گا۔ایشین کرکٹ کونسل نے دبئی اور ابوظہبی میں 15 سے28 ستمبر تک ایشیا کپ کرانے کا اعلان کررکھا ہے۔ ٹیموں کی آمد 13 ستمبر سے شروع ہوگی۔ٹورنامنٹ کی میزبانی بھارت کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان کی موجودگی میں ٹورنامنٹ اپنے ملک میں کرانے سے انکار کردیا تھا۔ایشین کرکٹ کونسل نے نجم سیٹھی کی صدارت میں ٹورنامنٹ بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا تھا۔ ذمے دار ذرائع کے مطابق بھارت کا کہنا ہے کہ اگر یہی ٹورنامنٹ سری لنکا یا بنگلہ دیش میں کرادیا جائے تو ان ملکوں میں اخراجات پانچ گنا کم ہوسکتے ہیں۔ یکم سے تین اکتوبر تک پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی تنازعات کمیٹی میں ہرجانے کا جو کیس دائر کیا ہوا ہے اس کی سماعت دبئی میں ہوگی اس لیے بھارت کا مؤقف ہے کہ دبئی میں سماعت سے کچھ دن پہلے پاکستان کے ساتھ ایشیا کپ کے میچز کھیلنے سے بھارت کا کیس کمزور ہوجائے گا اس لیے بھارتی بورڈ ٹورنامنٹ میں شرکت سے گریز کررہا ہے۔ایشین کرکٹ کونسل کے صدر نجم سیٹھی بھارتی کرکٹ بورڈ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں ایشین کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے قائل کریں گے تاہم بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ میں بھارت کی شرکت مشکوک ہے البتہ اس بارے میں اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔ماضی میں بھارت کے بغیر کئی بار ایشیا کپ کا انعقاد ہوچکا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور دیگر ٹیمیں شریک ہوں گی۔

Labels:

Post a Comment

[blogger]

MKRdezign

Contact Form

Name

Email *

Message *

Powered by Blogger.
Javascript DisablePlease Enable Javascript To See All Widget