لاہور(رپورٹ:منور بھٹی)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر کاشف انور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریر کو تجارتی حلقوں میں مثبت نظر سے دیکھا جارہا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے بعد تجارتی حلقوں میں امید کی نئی کرن پیدا ہوئی ہے۔پاکستان اس وقت بہت مشکل حالات سے گزر رہا ہے،ہم اُمید کرتے ہیں کہ نئی حکومت بزنس کمیونٹی کے لئے کام کرے گی ۔ جب تک ہماری اکانومی اور کاروبار ٹھیک نہیں ہو گا تب تک ہمارا ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ہمارے ملک کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے ،ہمیں اپنی ایکسپورٹ کو بڑھانا اور امپورٹ کو کم کرنا ہے،خسارے کو کم کرنا ہے،ہمیں ٹیکس کا ایسا نظام لانا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ لوگ ٹیکس دے سکیں،ہمیں اپنے بیرون ملک رہنے والے بھائیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے آمادہ کرنا ہے۔ہمیں پانی جو کہ ہماری بنیادی ضرورت ہے کی شدید کمی کا سامنا ہے۔کاشف انور نے کہا کہ ہم اُمید کرتے ہیں کہ نئی حکومت ان مسائل کو نا صرف دیکھے بلکہ جلد از جلد حل بھی کرے کیونکہ اب ہم جتنا وقت لگائیں گئے اُتنے ہی ہمارے حالات مزید خراب ہوتے جائیں گئے ۔ ہمیں حکومت کے ہر مثبت کام میں حکومت کے ساتھ تعاون کرنا ہو گا ۔اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ بھی ملک کی ترقی اور بہتر مستقبل کی خاطر حکومت کا ساتھ دے تاکہ ہمارا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے ،وزیراعظم اب سارے پاکستان کے وزیراعظم ہیں اُن کو چاہیے کہ وہ سارے اختلافات کو بُھلا کر ملکی ترقی کی خاطر سب پارٹیز کو ساتھ لیکر چلیں ۔ کاشف انور نے مزید کہا کہ اس وقت امت مسلمہ شدید مسائل کا شکار ہے تمام مسلم ممالک پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں،مضبوط پاکستان ہی امت مسلمہ کو ان مسائل سے نکال سکتا ہے اور مضبوط پاکستان تب ہی ہو گا جب ہم یکجہتی کے ساتھ پوری ایمانداری سے ملکی ترقی کے لئے مل کر کام کریں گئے۔ہمیں چاہیے کہ ہم ملکی پروڈکٹس کو استعمال کریں تاکہ ہماری امپورٹ کم ہو۔ اللہ عمران خان کو طاقت دے کہ وہ ملک کے مسائل پر قابو پا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں۔
Post a Comment